وزیر داخلہ کا ایف آئی اے کو جعلی ادویات اور نان کسٹم اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کراچی زون کے دورے کے دوران حوالہ ہنڈی مافیا، نان کسٹم مصنوعات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
ایف آئی اے کراچی زون میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ حوالہ ہنڈی جیسے غیر قانونی دھندے میں ملوث بااثر عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی قسم کا سیاسی یا ذاتی دباؤ قبول کیے بغیر مافیا کے خلاف قانون کی مکمل عمل داری یقینی بنائی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اُن ایجنٹوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کی ہدایت دی جو بھکاریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھکاری مافیا ملک کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے، لہٰذا ان ایجنٹس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے فوری گرفتار کیا جائے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہوکر واپس آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس گھناؤنے نیٹ ورک کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
مولانا فضل الرحمان بھی مخصوص نشستوں سے دستبرداری کا اخلاقی مظاہرہ کریں: بیرسٹر سیف
وفاقی وزیر نے جعلی ادویات کے کاروبار کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، کیونکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کی اصل جگہ صرف جیل ہے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے نان کسٹم اشیاء کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت دی، اور ان افراد کے خلاف بھی سخت ایکشن کا حکم دیا جو 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم بیرون ملک لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے تاکہ مالی بے قاعدگیوں کی روک تھام ممکن ہو۔
اجلاس کے دوران ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر نعمان صدیق نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی، جاری کارروائیوں اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
