وزیرداخلہ کا دورہ : اسلام آباد میں 3 میگا منصوبے تکمیل کے قریب

اسلام آباد کے تین بڑے عوامی ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور، شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج کے منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں تینوں پراجیکٹس پر کام کی رفتار مزید تیز ہو چکی ہے۔
محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے لوپ ون اور لوپ ٹو کو تین لین کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اسی طرح منصوبوں کی خوبصورتی کیلئے دونوں اطراف لینڈ اسکیپنگ اور لائٹنگ کا بھی حکم دیا گیا۔
وزیرِ داخلہ نے ہدایت دی کہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے ٹریفک کا بہاؤ واضح طور پر بہتر ہوگا اور شہریوں کو سفر میں زیادہ سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور سے نہ صرف جڑواں شہروں بلکہ پنجاب سے آنے والے مسافر بھی فائدہ اٹھائیں گے۔
دورے کے دوران سی ڈی اے کے اراکین، ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ دسمبر کے اوائل میں کھول دیا جائے گا۔ شاہین چوک انڈر پاس کے 70 گرڈرز نصب ہو چکے ہیں اور باقی گرڈرز پر کام تیزی سے جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے ریمپ ون اور ریمپ ٹو کا کام 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔
