پاکستان نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینے کی حمایت کردی
پاکستان نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینے کی حمایت کرتے ہوئے فلسطین کی رکنیت کی قرار داد کو امریکا کی جانب سے ویٹو کرنے پرافسوس کااظہار کیا۔
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا وقت آگیا ہے۔ امریکی کی جانب سے فلسطینی رکنیت کی قرارداد کو ویٹو کرنے پر افسوس ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 75 سال سے ظلم و جبر کا شکار فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینا ان کے حق خود ارادیت کی تصدیق ہوگی اور تاریخی انصاف ہوگا۔ فلسطینی عوام کا حق ہے کہ وہ 4 جون 1967 کی جغرافیائی حدود کے مطابق خود مختار اور آزاد ملک میں رہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔