شاہ چارلس نے شہزادہ ہیری کو شاہی گھر سے نکال دیا

2020میں شاہی زندگی کو خیر باد کہنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو اب شاہ چارلس نے شاہی محل سے بھی بے دخل کر دیا ہے۔شہزادہ ہیری اور میگھن نے شاہ چارلس سوئم کے حکم پر برطانیہ میں اپنے گھر فروگ مور کاٹیج کو خالی کرنے کا حکم ملنے کی تصدیق کر دی ہے، یہ گھر ملکہ الزبتھ دوئم کی جانب سے جوڑے کو شادی پر تحفے میں دیا گیا تھا، گھر خالی کرنے کے حکم پر شہزادہ ہیری اور میگھن نے حیرانی کا اظہار کیا۔
شاہی جوڑا رہائش گاہ سے سامان کیلیفورنیا میں اپنے گھر بھیجنے کے انتظامات کر رہا ہے، ہوم پارک، ونڈسر میں 10 بیڈ روم کا یہ گھر ملکہ الزبتھ دوم نے 2018 میں شادی کے بعد جوڑے کو تحفے میں دیا تھا۔
تاہم اخبار ’دا سن‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ چارلس نے اب اس جائیداد کی پیشکش رسوائی کے شکار ڈیوک آف یارک کو کی ہے، گزشتہ ہفتے یہ اطلاع ملی تھی کہ شہزادہ اینڈریو نے رہائش گاہ میں منتقلی کے لیے 75 سالہ لیز پر دستخط کر دیئے ہیں، یاہو نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ شاہی خاندان کے کم از کم دو دوسرے ارکان بھی اس فیصلے پر ’حیرت زدہ‘ ہیں۔
ہیری نے اپنی یادداشت میں شاہی خاندان سے اپنی شکایات بیان کی تھیں جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے، کتاب میں انکشافات میں سے ایک ان کا دھماکہ خیز الزام بھی تھا کہ ان کے بھائی ولیم، پرنس آف ویلز نے ان پر جسمانی حملہ کیا۔
شاہی جوڑے نے اپنی نیٹ فلیکس ڈاکومینٹری سیریز ’ہیری اینڈ میگھن‘ میں بکنگھم پیلس پر بھی بہت سے الزامات لگائے، جن کا تعلق بنیادی طور پر ذرائع ابلاغ کو میگھن کے بارے میں ’منصوبے کے تحت‘ منفی خبریں فراہم کرنے سے ہے، سمجھا جاتا ہے کہ ہیری تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کا وعدہ کرنے سے پہلے کنگ اور شہزادہ ولیم دونوں سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
2020 میں شاہی اعزازات اور ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے بعد شہزادہ ہیری اور مگھن میرکل کیلیفورنیا منتقل ہوگئے تھے لیکن فراگمور کوٹیج ان کا ہی تھا۔ انہوں نے اس کی تعمیر نو کے لیے ٹیکس کی جو رقم استعمال کی تھی وہ بھی واپس دینے کا وعدہ کیا تھا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے اس حوالے سے کوئی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، شاہ چارلس شہزاہ ہیری کی متنازع کتاب سامنے آنے پر ناراض ہیں، شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کیلیفورنیا میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں،حال ہی میں شہزادہ ہیری نے اپنی سوانح حیات شائع کی، اس کتاب کو دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کیا گیا جس میں ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے تھے۔