کلاؤڈ فلیئر کی سروسز میں خلل کے باعث دنیا بھر میں انٹرنیٹ متاثر

کلاؤڈ فلیئر کی سروسز میں خلل کے باعث دنیا بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی متاثر ہوئی ہے ۔
کونٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک اور ڈومین نیم سرور (ڈی این ایس) فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر نے تصدیق کی ہے کہ عالمی سطح پر سامنے آنے والی شکایات کے بعد وہ صورت حال کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
آج دنیا کے مختلف خطوں میں انٹرنیٹ تک رسائی میں بڑے پیمانے پر ہونے والی رکاوٹوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، کیونکہ کلاؤڈ فلیئر نے اپنے عالمی نیٹ ورک میں تکنیکی مسائل کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا۔کمپنی کے مطابق شام 6 بج کر 09 منٹ پر جاری کردہ تازہ اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ چند تبدیلیوں کےبعد کلاؤڈ فلیئر ایکسیس اور وارپ کی سروس بتدریج بحال ہو رہی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ ایکسیس اور وارپ استعمال کرنے والوں کےلیے ایرر لیولز اب واقعے سے پہلے کی سطح پر آ گئے ہیں، لندن میں وارپ تک رسائی دوبارہ فعال ہوچکی ہے جبکہ دیگر متاثرہ سروسز کی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔اس سے قبل کلاؤڈ فلیئر نے بتایا تھا کہ وہ اس خرابی سے واقف ہے جو بہت سے صارفین کو وسیع پیمانے پر 500 ایررز کا سامنا کروا رہی ہے، اسی دوران کلاؤڈ فلیئر ڈیش بورڈ اور اے پی آئی میں بھی بگاڑ پیدا ہوا تھا۔
عالمی انٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس کے مطابق، کلاؤڈ فلیئر کے عالمی نیٹ ورک میں تکنیکی مسئلے کے باعث متعدد آن لائن سروسز میں رکاوٹیں آئی ہیں، تاہم یہ واقعہ کسی ملک گیر انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن یا فلٹرنگ کا نتیجہ نہیں ہے۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کےمطابق پاکستان میں بھی صارفین نے کلاؤڈ فلیئر سے متعلق مسائل رپورٹ کیے،شکایات کا آغاز شام 4 بج کر 10 منٹ پر ہوا، جب کہ اوپن اے آئی، ایمیزون ویب سروسز اور فیس بک کے بارے میں بھی تعطل کی اطلاعات سامنے آئیں۔آؤٹیج ٹریکنگ پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے رپورٹ کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بھی امریکا سمیت کئی ممالک میں ہزاروں صارفین کے لیے بند ہوگیا تھا، صبح 6 بج کر 41 منٹ تک ایکس کے سلسلے میں 11,500 سے زائد شکایات سامنے آئیں۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا یہ تمام آؤٹیجز ایک دوسرے سے منسلک تھےاور نہ ہی کلاؤڈ فلیئر یا ایکس نے رائٹرز کی جانب سے کیے گئے سوالات کا جواب دیا۔
یاد رہےکہ کلاؤڈ فلیئر نے جون 2022 میں بھی ایک بڑی آؤٹیج رپورٹ کی تھی، جس کے نتیجے میں مشہور ویب سائٹس تک رسائی متاثر ہوئی تھی۔ڈی این ایس سرور ایک طرح کی ایڈریس بک ہے جو کسی ویب سائٹ کے نام کو اس کے آئی پی ایڈریس سے جوڑتا ہے، اور بڑے پیمانے پر استعمال کےلیے ایسے سرورز کی ضرورت ہوتی ہے جو بھاری ٹریفک کو سنبھال سکیں اور تیزی سے رسپانس فراہم کریں۔
ادھر پی ٹی اے کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایکس (ٹوئٹر) اور کلاؤڈ فلیئر کی سروسز عالمی سطح پر متاثر ہیں، اور پی ٹی اے اس عالمی خرابی کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پی ٹی اے عالمی پلیٹ فارمز اور مقامی آپریٹرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور سروسز مکمل بحال ہونے تک صورتحال کا جائزہ جاری رکھے گا۔
