ایران نے امریکی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی

 

 

 

ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ امریکی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں، تاہم اس کےلیے ضروری ہےکہ وہ کسی بھی قسم کی جارحانہ یا دشمنی پر مبنی سرگرمی میں شامل نہ ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہےکہ آبنائے ہرمز فی الحال کھلی ہے، تاہم جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کےلیے لازم ہےکہ وہ ایرانی افواج کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ تکنیکی اور سکیورٹی امور کو یقینی بنایا جاسکے۔

نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ کے مطابق ایران اپنے مقرر کردہ محفوظ راستوں کے ذریعے جہازوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائےگا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر تنقید کرتےہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کے حوالے سے مناسب طرز عمل اختیار نہیں کررہا اور یہ طے شدہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا میں شائع ہونے والے ایک بیان میں پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنےوالے بحری جہازوں کو ہدایت دی ہےکہ وہ سمندری سکیورٹی اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور ممکنہ خطرات،خصوصاً بارودی سرنگوں سے بچنے کےلیے متبادل راستے اختیار کریں۔

 

Back to top button