ایران جنگ بندی کوششیں ختم ہوگئی،امریکی اخبارکادعویٰ

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کی قیادت میں علاقائی ممالک کی کوششوں کا حالیہ دور اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایران اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملنے کیلئےتیار نہیں ہے۔
ثالثوں کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کے لیے تیار نہیں اور یہ کہ امریکا کے مطالبات ناقابل قبول ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیے اور مصر اب بھی اس حوالے پیش رفت کی کوشش کر رہے ہیں اور مذاکرات کیلئےنئے مقامات جن میں قطر کا دارالحکومت دوحہ یا ترکیے کا شہر استنبول شامل ہیں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ تعطل ختم کرنے کے لیے نئی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے جنگ بندی کی درخواست کی ہے تاہم ایران نے اس کی تردید کی تھے۔
اس معاملے سے باخبر ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے تو وہ جنگ بندی پر غور کر سکتے ہیں۔
ثالثوں کے مطابق سفارتی کوششوں کے ابتدائی مرحلے میں ایران نے واضح کیا تھا کہ وہ جنگ اسی صورت ختم کرے گا جب امریکا ہرجانہ ادا کرے، مشرق وسطیٰ میں اپنے فوجی اڈے ختم کرے اور آئندہ حملے نہ کرنے کی ضمانت دے۔
