ایران نےاسرائیل کے سب سے بڑے پاور پلانٹ پرمیزائل داغ دیئے

ایران نے اسرائیل میں ایک بڑے بجلی گھر پر بیلسٹک میزائل داغے جس کے بعد وہاں دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے۔
ایرانی بیلسٹک میزائل اسرائیل کے شہر حدیرہ کے قریب گرے جہاں اوروت رابن پاور پلانٹ واقع ہے جو اسرائیل کے بڑے بجلی گھروں میں سے ایک ہے۔
حملے کے دوران وسطی اسرائیل اور شمالی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجتے رہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں نے زیر زمین بنکرز میں پناہ لینے دیوانہ وار دوڑ پڑے۔
جائے وقوعہ کی جانب فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو جاتے دیکھا گیا۔ پاور پلانٹ کے نزدیک میزائلوں کے کئی ٹکڑے بھی گرے اور پورے علاقے میں دھوئیں کے سیاہ بادل ہیں جس کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔
اسرائیلی الیکٹرک کارپوریشن نے وضاحت کی ہے کہ رات گئے کیے گئے ایرانی حملے کے باوجود بجلی کے نظام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ حملے میں کوئی شہری زخمی یا ہلاک بھی نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایرانی میزائلوں کو دفاعی فضائی نظام نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا۔ صرف ایک میزائل پاور پلانٹ کے نزدیک ایک کھلے میدان میں گرا۔
یاد رہے کہ بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع اسرائیل کا یہ بجلی گھر ملک کے سب سے بڑے پاور اسٹیشنوں میں سے ایک ہے اور اسے سنہ 2022 میں کوئلے سے گیس پر منتقل کیا گیا تھا۔
