ایران نے بھارتی جہازوں کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے سخت شرط عائد کر دی

ایران نے آبنائے ہرمز سے بھارتی جہازوں کی گزرنے کے حوالے سے ایک شرط عائد کرنے کی خبر سامنے آئی ہے، تاہم بھارت نے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر بھارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنا چاہتے ہیں تو بھارت کو پہلے ایران کے تین ضبط شدہ جہاز واپس کرنا ہوں گے۔دوسری جانب بھارتی حکام نے ایسے کسی مطالبے کی تصدیق نہیں کی۔
یاد رہے کہ ایران کے تیل سے لدے تین جہاز بھارت نے مبینہ طور پر جنگ سے قبل اُس وقت تحویل میں لیے تھے جب بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ زیرِ غور تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران نے اپنے جہازوں کی واپسی کے ساتھ ساتھ بھارت سے ادویات اور طبی سامان کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس وقت 22 بھارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز میں موجود ہیں اور صورتحال کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔
