ایران امریکا تک مار کرنے والے میزائل تیار کررہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کادعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ایسے میزائل بنانے کی کوشش کر رہا ہے جو براہِ راست امریکا کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جبکہ تہران اپنے نیوکلیئر پروگرام کی بحالی پر بھی کام کر رہا ہے جسے گزشتہ سال امریکی حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
سٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران پہلے ہی ایسے میزائل تیار کر چکا ہے جو یورپ اور بیرونِ ملک موجود امریکی بیسز کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اور اب وہ ایسے میزائلوں کی تیاری میں مصروف ہے جو جلد ریاستہائے متحدہ تک پہنچ سکیں گے۔
امریکا اور ایران کے درمیان ایران کے ایٹامک پروگرام اور میزائل پروگرام سمیت دیگر معاملات پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات جاری ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم اگر بات چیت ناکام ہوئی تو طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب تہران میں ایرانی وزارتِ خارجہ نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بڑے جھوٹ قرار دیا ہے۔ وزارت کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام، بیلسٹک میزائلوں اور حالیہ بدامنی سے متعلق امریکی دعوے بے بنیاد ہیں۔
