علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران نے اسرائیل پر میزائل برسا دیئے

ایران نے علی لاریجانی کی شہادت کے بعد اسرائیل پر شدید میزائل حملے کیے ہیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق "آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت اسرائیل کے خلاف حملوں کی 61ویں لہر شروع کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تل ابیب کو خرمشہر 4، قدر، عماد اور خیبر شکن جیسے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جن کے ذریعے 100 سے زائد فوجی اور سیکیورٹی مقامات کو ہدف بنایا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملے علی لاریجانی کے قتل کے ردعمل میں کیے گئے، جن میں کلسٹر وارہیڈز والے میزائل بھی استعمال ہوئے۔ حملوں کے نتیجے میں تل ابیب میں کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں، مختلف علاقوں میں آگ لگ گئی اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ان حملوں میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی ایک حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے، جس کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں ان کے بیٹے مرتضیٰ بھی ہلاک ہوئے۔
مزید بتایا گیا کہ علی لاریجانی کو مشرقی تہران میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے گئے ہوئے تھے۔
