ایران کا اسرائیل کی حیفا ریفائنری پر جوابی حملہ،بجلی بند

ایران نے اپنے سب سے بڑے توانائی منصوبے، پارس گیس فیلڈ، پر اسرائیلی حملے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے شہر حیفا میں واقع آئل ریفائنری کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی شہر حیفا میں موجود ریفائنری پر ایرانی میزائل گرے، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل میں عارضی خلل آیا، تاہم زیادہ تر علاقوں میں جلد ہی بجلی بحال کر دی گئی۔ ان کے مطابق نقصان زیادہ سنگین نہیں اور اہم تنصیبات محفوظ رہی ہیں۔
دوسری جانب ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے توانائی منصوبوں پر ہونے والے حملوں کا بھرپور جواب دے رہا ہے، اور اس سلسلے میں میزائل اور ڈرون کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا تو سخت ردعمل دیا جائے گا، جسے انہوں نے “زیرو ریسٹرینٹ” پالیسی کا نام دیا۔
