ایران امریکہ، اسلام آباد مذاکرات ختم، آگے کیا ہو گا؟اسحاق ڈار نے بتا دیا

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امید ہے ایران اور امریکہ دنیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں مختصر میڈیا بریفنگ کے دوران اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وفود مذاکرات کے لیے پاکستان آئے، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان سیز فائر معاہدے کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے دونوں فریق مثبت رویے کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے اختلافات کم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، اور پاکستان آئندہ بھی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں کے لیے سہولت کاری جاری رکھے گا، اور وزیر اعظم کی درخواست پر جنگ بندی قبول کرنے پر دونوں فریقین کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے مذاکراتی عمل میں شریک امریکی اور ایرانی وفود کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں وفود کے درمیان مثبت اور تعمیری مذاکرات کے کئی دور ہوئے، اور وہ خود فیلڈ مارشل کے ہمراہ ان میں شریک رہے۔ 24 گھنٹوں پر محیط یہ مذاکرات آج صبح مکمل ہوئے، جبکہ پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
