جنگ مسلط کی گئی تو امریکی اڈے نشانے پر ہوں گے : ایرانی وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادہ نے امریکا کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر امریکا یا اسرائیل نے ایران پر جنگ مسلط کرنےکی کوشش کی تو ایران بھرپور طاقت سے ردعمل دےگا اور دشمن کے تمام مفادات فوجی اڈے اور تنصیبات نشانے پر ہوں گے۔
ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے ایران پر امریکی حملےکی صورت میں مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملے کی دھمکی دےدی ہے ۔
ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نےکہا ہےکہ امریکا سے جوہری معاہدہ نہ ہونے پر اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائےگا۔
ایرانی وزیر دفاع نے کہاکہ امید ہے نوبت وہاں تک نہیں پہنچےگی اور مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے لیکن اگر ایسا نہ ہوا اور ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ایران کے مقابلےمیں کہیں زیادہ ہوں گے ۔
انہوں نے کہاکہ حملے کی صورت میں امریکا کو اس خطے سے نکلنا پڑےگا۔ ایرانی وزیر دفاع نے کہاکہ خطے میں موجود امریکا کے تمام اڈے ایران کی پہنچ میں ہیں ۔ ایران ہچکچائے بغیر خطے میں موجود تمام امریکی اڈوں کو نشانہ بنائےگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ انہیں ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے تک پہنچنے کی امید اب کم ہوتی جارہی ہے۔
واضح رہےکہ ایران اور امریکا اس وقت یورینیم کی افزودگی کے معاملےپر شدید سفارتی کشیدگی کا شکار ہیں۔
دونوں ممالک اپریل سے اب تک 5 بار مذاکرات کرچکے ہیں تاکہ 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی جگہ ایک نیا معاہدہ کیا جاسکے۔
