ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب کو فون، اہم امور پر تبادلہ خیال

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کو فون کرکے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری بیان کے مطابق فون کال کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ دلچسپی کے امور اور حالیہ سہ فریقی معاہدے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور تاریخی دوطرفہ مفاہمتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے جلد ملاقات کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ نے ٹوئٹرپر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران کے ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کو فون کیا اور دونوں ممالک میں آج سے شروع ہونے والے رمضان کے مقدس مہینے کے موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا‘۔
