ایرانی وزیرخارجہ نے امریکاکےساتھ جنگ بندی کاامکان مسترد کردیا

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نےکہا ہےکہ ایران  نے امریکا سے جنگ بندی کے لیے کبھی نہیں کہا، جب تک ضرورت پڑی  ایران اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نےکہا کہ ایران نے  اب تک نہ تو کسی قسم کے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی بات کی ہے۔

عباس عراقچی نےکہا کہ ایران کسی سیز فائر یا بات چیت کے لیے آمادہ نہیں ہے اور اپنے دفاع کے لیے جتنی دیر بھی ضروری ہو  تیار ہے اور ہم اس پر قائم رہیں گے جب تک صدر ٹرمپ یہ نہیں سمجھ لیتے کہ یہ ایک غیر قانونی جنگ ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  ہم مستحکم اور مضبوط ہیں، ہم صرف اپنے لوگوں کا دفاع کررہے ہیں، امریکا سے بات چیت کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، ہم امریکا سے کیوں بات کریں، جب ہم بات چیت کر رہےتھےتو امریکا نےہم پرحملہ کردیا، امریکا سے بات چیت کا کوئی اچھا تجربہ نہیں ہوا ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ آبنائےہُرمُز سے گزرنےکے لیے متعدد ممالک نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نےگزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، ایران مکمل طور پر شکست کھا گیا ہے، ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن میں ابھی نہیں کرنا چاہتا کیونکہ شرائط ابھی مناسب نہیں ہیں۔

Back to top button