ایران کا جواب نہ صرف مؤثر بلکہ خوف ناک ہوگا: ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ امریکا نے جھوٹ کی بنیاد پر جنگ مسلط کی ہے اور ایران جوابی حملے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ایران کا ردعمل نہ صرف مؤثر بلکہ خوفناک ہوگا اور ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا تاکہ امریکی جارحیت کا مقابلہ کیا جاسکے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ سویلین انفراسٹرکچر،بجلی گھروں کو تباہ کرنے کی دھمکی دینے والے یاد رکھیں،اس کا درد صرف ایران تک محدود نہیں رہےگا بلکہ پورے خطے میں محسوس کیاجائے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے جھوٹ کی بنیاد پر جنگ مسلط کی ہے اور ایران اس کا جواب اپنے دفاعی اقدامات کے ذریعے دے رہاہے،ایران جوابی کارروائی میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائےگا اور جو ممالک یا گروہ ایران کےخلاف اس جارحانہ اقدام میں شامل ہوں گے،انہیں بھی سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
امریکا ایران جنگ: 45 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر مذاکرات کا امکان ، امریکی میڈیا
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی مسلط کردہ جنگ امریکی عوام کے جذبات کی ترجمان نہیں ہے۔امریکی عوام بخوبی سمجھ چکےہیں کہ یہ جنگ ان کی نہیں بلکہ اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی ہے،جو خطے میں نسل کشی کے اپنے اہداف کی تکمیل کےلیے امریکا کو استعمال کررہا ہے،امریکا میں ہونےوالے احتجاجی مظاہرے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ امریکی عوام اس جنگ کے مخالف ہیں۔
