ایرانی صدر کی ایوان صدرآمد،آصف زرداری سے ملاقات،باہمی امورپرتبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

صدر زرداری نے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایوانِ صدر میں پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد کے حامل مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف اور مستقل حمایت پر تہران کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت نے مشکل اوقات میں ایرانی حکومت اور عوام کی یکجہتی پر بھی اظہار تشکر کیا، اور کہا کہ دونوں ممالک خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔

صدر زرداری نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی صدر نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کے جذبے اور اتحاد کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے 12 روزہ جنگ کے دوران اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔

صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر پزشکیان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔

Back to top button