ایرانی صدر لاہورسےاسلام آباد پہنچ گئے،وزیراعظم نے استقبال کیا

ایران کے صدر مسعود پزشکیان لاہورسےاسلام آباد پہنچ گئے۔وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔

مزار اقبال پر حاضری کے بعد ایرانی صدر اسلام آباد پہنچے، جہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، جس میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ اپنے قیام کے دوران وہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح وفود کے مذاکرات بھی ہوں گے۔

یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر اپنے 2روزہ دورہ پاکستان کے آغاز پر پہلے لاہور پہنچے جہاں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

مسعود پزشکیان کی آمد پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پاکستانی اور ایرانی پرچموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جب کہ ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بھی بچھایا گیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا بطور صدر پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، جس کے دوران ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اہم ملاقاتیں طے ہیں۔

دورۂ پاکستان سے قبل ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحدی سلامتی اور علاقائی امن بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان سرحدی منڈیوں اور باہمی رابطوں کے ذریعے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاک-ایران تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے چین اور پاکستان کے مشترکہ منصوبے پاک چین اقتصادی راہداری (ون بیلٹ، ون روڈ) میں ایران کی بھرپور شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا، اور کہا کہ یہ منصوبہ ایران کو یورپی منڈیوں سے منسلک کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔

صدر پزشکیان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اسلامی بھائی چارے کو کمزور کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط اور پائیدار بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک-ایران تجارت کا ہدف 10 ارب ڈالر مقرر ہے، جبکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ذریعے ایران کو یورپ تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔

اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر وزرا بھی موجود تھے۔ ایرانی صدر نے مزار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔

Back to top button