ایرانی صدر پزشکیان وفد کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تہران سے لاہور روانہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ہفتہ کی صبح ایک اعلیٰ سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تہران سے لاہور روانہ ہو گئے۔
یہ دورہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی باقاعدہ دعوت پر عمل میں آ رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ہمسایہ اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
تہران سے روانگی کے موقع پر ایرانی صدر کو الوداع کہنے والوں میں ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عارف، دفترِ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ حجۃ الاسلام محسن قمی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں ایرانی صدر لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ برصغیر کے عظیم مفکر و شاعر، علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے اور ان کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ بعد ازاں وہ اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
دورے کے دوسرے روز صدر پزشکیان کو پاکستانی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے باضابطہ استقبالیہ دیا جائے گا۔
اس کے بعد وہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔
ایشین باکسنگ بورڈ انتخابات: پاکستان کے خالد محمود کامیاب، بھارت کو شکست
اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے مطابق اس اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں باہمی تعاون پر مبنی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
ان معاہدوں میں معاشی، تجارتی، ٹرانسپورٹ، سیاحت، کسٹمز، معیاری سازی، ثقافتی تبادلے اور سرحدی تعاون کے معاملات شامل ہیں۔
یہ دورہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد سازی، علاقائی استحکام اور تجارت کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
