ایران کے جوابی حملوں سے تباہی،اسرائیل کیلئے انتہائی مشکل شام ہے،نیتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے جنوبی اسرائیل کے شہروں دیمونا اور عراد پر ایران کے جوابی حملوں کے بعد صورتحال کو انتہائی سنگین اور ایک مشکل شام قرار دیدیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ یہ اسرائیل کے لیے ایک نہایت مشکل شام ہے، تاہم اس کے باوجود دشمن کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ اسرائیل کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔
ادھر دیمونا اور عراد پر شدید میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ اسرائیلی وزارتِ تعلیم نے ہدایت جاری کی ہے کہ اتوار اور پیر کو کوئی بھی طالب علم یا عملہ تعلیمی اداروں میں جسمانی طور پر حاضر نہ ہو۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی حملوں نے دونوں شہروں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ ان حملوں میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی میزائلوں نے اسرائیل کے شہر دیمونا اور عراد میں تباہی مچا دی
یاد رہے کہ ایک روز قبل ایران نے نطنز میں اپنی جوہری تنصیبات پر امریکا اور اسرائیل کے مبینہ حملوں کے ردعمل میں دیمونا کے حساس ایٹمی مرکز کو نشانہ بنایا تھا، جہاں دو حملوں میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ عراد پر بھی ایرانی میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں، جہاں اسرائیلی میڈیا کے مطابق کم از کم 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
