عراق کے مزاحمتی گروپ کا بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرحملہ،10 امریکی فوجی ہلاک

عراق کے مزاحمتی گروپ نے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب موجود وکٹوریہ پر ڈرونز اور راکٹوں سے حملہ کردیا۔جس کے نتیجے میں 10 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
روسی میڈیا کے مطابق عراق کے مزاحمتی گروپ کی جانب سے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب موجود وکٹوریہ پر ڈرونز اور راکٹوں حملے میں 10 امریکی فوجی ہلاک ہوئے، تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔
الجزیرہ کے مطابق وکٹوریہ بیس پر ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ عراقی مزاحمتی تنظیم نے گزشتہ روز بھی وکٹوریہ بیس پر ڈرون حملے کی ویڈیو جاری کی تھی۔
اسی دوران ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کی نئی لہر دیکھنے میں آئی ہے۔اس دوران دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوبارہ ڈرون حملے کیے گئے۔
کویتی وزارت دفاع کے مطابق ایئرپورٹ کے ریڈار کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پانچ ڈرون تباہ کر دیے گئے۔ کویت میں اطالوی فوج کے اڈے پر بھی ڈرون حملہ ہوا، لیکن نقصان نہیں ہوا۔ عرب میڈیا کے مطابق بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکی سفارتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران پر حملے کے بعد صدر ٹرمپ کو لینے کے دینے کیوں پڑ گئے؟
دبئی میں ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون نے ایئرپورٹ پر موجود آئل ٹینکر کو ہٹایا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
امارات کی وزات دفاع نے بتایا کہ اتوار کو 4 بیلسٹک میزائل اور 6 ڈرونز کو روکا گیا۔ 28 فروری سے اب تک مجموعی طور پر 298 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1,600 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔
