پاسداران انقلاب کا 500 امریکی فوجی ہلاک اور ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے حالیہ حملوں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ان کارروائیوں میں تقریباً 500 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی اور جنوبی فارس کے علاقے میں ایک امریکی ایف-16 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ طیارہ سعودی عرب کے ایک ایئربیس تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ ہو گیا، تاہم اس دعوے کی ابھی تک کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے مقبوضہ فلسطین سمیت خطے میں امریکی اور اسرائیلی صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی بیان کے مطابق یہ حملے خطے میں جاری کشیدگی کے ردعمل میں کیے گئے۔

ادھر ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے کہا ہے کہ اسرائیل کے شہر حیفا میں ایک اہم الیکٹرانک وارفیئر مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بن گوریون ایئرپورٹ کے قریب واقع ایندھن کے ذخائر پر بھی حملہ کیا گیا۔

ایرانی فوجی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کی صنعتی تنصیبات پر مزید حملے ہوئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق ایسے بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور کسی بڑے تصادم کے امکان کو ظاہر کرتے ہیں۔

Back to top button