امریکی اور اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی شہید

پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی، امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بھڑکنے والے جنگ کے شعلے شدت اختیار کر گئے ہیں اور تہران ایک بار پھر فضائی حملوں کی زد میں ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق آئی آر جی سی نے علی محمد نائینی کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں مشرقی تہران اور صوبہ کرمان میں دھماکے سنے گئے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق فورسز نے ایران میں میزائل پلانٹ پر بڑا حملہ کیا، جس میں کاراج میزائل فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس حملے کی فوٹیج بھی جاری کی ہے۔
ایران نے تابڑ توڑ جوابی حملے شروع کر دیے ہیں۔ پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر میزائل داغے، جس کے نتیجے میں تل ابیب اور یروشلم میں سائرن بج اٹھے۔ ایرانی دعوے کے مطابق حملے میں اسرائیل کے سلامتی کے ادارے کو نشانہ بنایا گیا۔
