نئی ایئر لائنز کی انٹری: پاکستان میں فضائی سفر ستا ہونے کا امکان

 

 

 

پاکستان میں تین نئی ائیر لائنز کے قیام نے عوام کے لیے سستے اور آسان فضائی سفر کی نئی امیدیں جگا دی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ساؤتھ ایئر، ایئر کراچی اور سرکاری سطح پر مجوزہ ایئر پنجاب کے فضائی آپریشن شروع ہونے سے نہ صرف کرایوں میں نمایاں کمی متوقع ہے بلکہ ائیر لائنز کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت کے باعث مسافروں کو مزید بہتر سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔

 

خیال رہے کہ پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں حالیہ مہینوں کے دوران ساؤتھ ایئر، ایئر کراچی اور ایئر پنجاب سمیت کئی نئی نجی ایئر لائنز کے منصوبے منظرِ عام پر آئے ہیں، جنہیں ملکی فضائی ڈھانچے میں تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی کمپنیاں اگرچہ فی الحال اپنے آپریشنز کا آغاز نہیں کر سکیں، تاہم ان کے منصوبوں نے اس شعبے میں مسابقت اور ترقی کی نئی امیدیں پیدا کر دی ہیں۔ نئی ائیرلائنز کے قیام بارے اطلاعات ایک ایسے وقت میں سامنے آرہی ہیں جب قومی ایئر لائن کے مالی بحران، روٹس میں کمی اور بیڑے کی محدود دستیابی نے مسافروں کے لیے قابلِ اعتماد متبادل کی ضرورت بڑھا دی ہے۔

ماہرین کے مطابق ملک میں تین نئی ائیر لائنز کی جانب سے فضائی آپریشنز کے آغاز سے ملکی ہوا بازی کے شعبے میں صحیح معنوں میں مسابقت پیدا ہوگی۔ مسابقت بڑھنے سے نہ صرف کرایوں میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ائیر لائنز مسافروں کو متوجہ کرنے کے لیے بہتر سروس، زیادہ سہولیات، وقت کی پابندی اور مجموعی طور پر معیاری سفر کے تجربے پر بھی خصوصی توجہ دیں گی۔ جس سے مسافر مستفید ہو سکیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ نئی ائیر لائنز کی شمولیت سے ملک میں فضائی سفر کا نیٹ ورک بھی مزید وسیع ہوگا اور دور دراز علاقوں کے لیے پروازیں شروع کرنے کے بعد عوام کے پیسے اور وقت دونوں کی بچت ہو گی۔

حالیہ عرصے میں جس نئی ایئرلائن نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی ہے وہ ساؤتھ ایئر ہے۔ کمپنی نے اگرچہ اب تک باقاعدہ پروازوں کا آغاز نہیں کیا، لیکن اس کے ابتدائی اعلانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ادارہ پاکستان کے اندر علاقائی کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے گا۔

 

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ فضائی سہولتوں سے محروم جنوبی پنجاب، اندرونِ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کم لاگت، محفوظ اور باقاعدہ پروازیں شروع کرنا ان کا بنیادی ہدف ہے۔ ہوابازی کے ماہرین اس منصوبے کو ’علاقائی استحکام‘ کے تناظر میں مثبت قرار دیتے ہیں، ماہرین کے بقول ساؤتھ ایئر اگر اپنے اعلان کے مطابق چھوٹے شہروں کے ہوائی اڈوں کو فعال بنانے میں کامیاب رہتی ہے تو نہ صرف مسافروں کے سفر پر کم وقت اور کم پیسے خرچ ہونگے بلکہ اس علاقے میں مقامی کاروبار کی ترقی میں بھی یہ منصوبہ معاون ثابت ہو گا۔

کیا اگلے 15دن میں پی آئی اے کی نجکاری ممکن ہے؟

ساؤتھ ائیر کے ساتھ ساتھ ایئر کراچی کا منصوبہ بھی عوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق ایئر کراچی ایک بار پھر روشنیوں کے شہر کراچی کو پاکستان میں ایک اہم فضائی مرکز کے طور پر منظم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ایئر کراچی نےبھی ابھی تک اپنے آپریشنز کا آغاز نہیں کیا، مگر سرمایہ کاری کے عمل، رجسٹریشن، اور بیڑے کی تشکیل پر کام جاری ہے۔  امید کی جا رہی ہے کہ ایئر کراچی سے اندرونِ ملک مختلف شہروں کے لیے سفر کے نئے راستے کھلیں گے،۔ کاروباری برادری خاص طور پر اس پیش رفت کو مثبت قرار دے رہی ہے،

ساؤتھ ائیر اور ائیر کراچی کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت نے بھی صوبائی سطح پر ایئر پنجاب کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اگرچہ کمپنی عملی طور پر ابھی آپریشنل نہیں ہوئی، تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں صنعت، زراعت اور کاروباری سرگرمیوں کے بڑے مراکز موجود ہونے کے باوجود کئی اضلاع براہِ راست فضائی رابطے سے محروم ہیں، اور یہی خلا ایئر پنجاب کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔ تاہم ماہرین کے مطابق سرکاری سطح پر کسی فضائی کمپنی کا قیام پی آئی اے کی طرح انتظامی اور مالی مشکلات سے دوچار ہو سکتا ہے، لیکن اگر ائیر پنجاب کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلایا گیا، جدید بیڑا فراہم کیا گیا اور کسی سیاسی مداخلت سے محفوظ رکھا گیا، تو یہ اقدام صوبے میں سفر اور تجارت دونوں کے لیے سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔‘

Back to top button