کیا بارش پاکستان اور انڈیا کو ایک ایک پوائنٹ دلوانے والی ہے؟

پاک بھارت میچ کی صورت میں ٹی 20 ورلڈکپ کا سب سے بڑا معرکہ سر پر ہے، جذبات عروج پر ہیں،ٹکٹیں نایاب ہیں سٹیڈیم جام پیک ہو چکا ہے، فضائی کرایے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ آسمان سے ہی اس ہائی وولٹیج ٹاکرے پر بادلوں کا سایہ گہرا ہوتا نظر آتا ہے۔ موسمیاتی ماہرین اور گوگل ویدر نے 15فروری کو کولمبو میں مسلسل موسلا دھار بارش کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ جس کے بعد پاکستان اور بھارت کا مقابلہ نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ موسمیاتی پیشگوئیوں کا بھی مرکز بن چکا ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر پاکستان اور بھارت کا میچ بارش سے متاثر ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔
خیال رہے کہ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز مقابلوں میں شمار ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔تاہم اس جوش و خروش کے بیچ بارش کی صورت میں بڑا خدشہ بھی منڈلا رہا ہے۔ گوگل ویدر کے مطابق کولمبو میں جمعے سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور اتوار کے روز گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کولمبو کے غیر متوقع برساتی موسم نے شائقینِ کرکٹ کی تشویش بڑھا دی ہے، جو اس سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں اور دعاگو ہیں کہ موسم ساتھ دے۔ تاہم موسمیاتی ماہرین کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کا وارم اپ میچ بھی بارش کی نذر ہو چکا ہے، اور اگر اتوار کو بھی موسم نے ساتھ نہ دیا تو پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کی راہ مزید کٹھن ہو سکتی ہے۔ یہاں سوال صرف یہ ہے کہ کیا اس بار فیصلہ میدان میں ہوگا یا بادل بازی لے جائیں گے؟
دوسری جانب پاک بھارت میچ کے منتظر شائقین کا جوش عروج پر ہے۔ کولمبو کے 28 ہزار گنجائش والے سٹیڈیم کے لیے 88 ہزار سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ آئی سی سی کی ویب سائٹ پر تمام ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں جبکہ غیر معمولی مانگ کے پیش نظر بورڈ نے مزید پانچ ہزار ٹکٹس آن لائن جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جبکہ 25 ہزار، 20 ہزار، 15 ہزار اور 10 ہزار روپے کے ٹکٹس بھی دستیاب ہوں گے دوسری جانب مختلف ممالک سے کولمبو تک پروازوں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے اس میچ کی دیوانگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
15 فروری کے پاک بھارت میچ پر تین ارب کا جوا لگ گیا
متعدد شائقین شکایت کرتے نظر آ رہے ہیں کہ وہ آن لائن فروخت کے باوجود ایک بھی ٹکٹ حاصل نہیں کر سکے۔ ایک مقامی شہری کے مطابق بھارت میں موجود ان کے دوست بھی ٹکٹوں کے لیے مسلسل رابطہ کر رہے ہیں، مگر تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ اندازہ ہے کہ اس میچ میں بڑی تعداد میں پاکستانی اور بھارتی شائقین کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیش نظر سری لنکن حکومت نے خصوصی سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا ہے۔ دوسری جانب اس میچ کی وجہ سے بھارت اور سری لنکا کے درمیان فضائی سفر مہنگا ہو چکا ہے۔ 13 سے 16 فروری کے دوران نئی دہلی سے کولمبو آنے والی پروازوں کے کرایے 76 ہزار سے ایک لاکھ بھارتی روپے تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ بعض ایئرلائنز کے ٹکٹ ایک لاکھ 11 ہزار بھارتی روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔ یوں پاکستان اور بھارت کا یہ ٹاکرا ایک بار پھر ثابت کر رہا ہے کہ یہ محض ایک کرکٹ میچ نہیں بلکہ ایسا عالمی ایونٹ ہے جس کے لیے شائقین ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں چاہے وہ اسٹیڈیم کی نایاب نشست ہو یا مہنگا فضائی ٹکٹ، یوں کرکٹ کی دنیا کا سب سے سنسنی خیز ٹاکرا ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ شائقین کی نظریں میدان پر جمی ہیں، مگر فیصلہ اب بھی موسم کے رحم و کرم پر ہے کہ مقابلہ پچ پر ہوگا یا بادل بازی لے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاک اور بھارت کا یہ مقابلہ ورلڈ کپ سے قبل بھی خبروں کی زینت بنا رہا، جب بنگلہ دیش کے معاملے پر پاکستان نے ابتدا میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں سری لنکا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی کی مداخلت پر معاملہ طے پا گیا تھا۔
