سندھ کے پانی کا ایک بھی قطرہ نہیں لیں گے،اسحٰق ڈارکی یقین دہانی

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں سندھ کے پانی کا حق نہیں مارا جائے گا اور پنجاب سمیت کسی صوبے کو سندھ کا پانی نہیں جانے دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا، اسحٰق ڈار کا ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیں بہت عزیز ہے، ہمارے پارٹنر ہیں جب کہ وزیر اعظم نے سیاسی مشاورت کی ذمہ داری ہماری لگائی ہوئی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بہت سے معاملات پر پیش رفت ہو چکی ہے دو چار ایشوز رہ گئے ہیں، ترقیاتی معاملات پر بات ہو رہی ہے، کینال کا مسئلہ ایکنک میں آیا تھا، وزیراعظم کی عدم موجودگی میں مجھے صدارت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی میں کینال کا منصوبہ ایکنک میں آیا، سندھ نے اعتراض کیا، ہم نے اس ایجنڈے کو موخر کر دیا تھا، گزشتہ ہفتے بھی ایکنک کا اجلاس ہوا، ایک بار پھر یہ معاملہ موخر کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اگر پنجاب کوئی چیز بنانا چاہتا ہے تو وہ اپنے پانی سے بنائے، یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں رکے گا، ٹیلی میٹری سسٹم کی منظوری دی، ذمہ داران کو بھی بتا دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا دی جا رہی ہے، جن کی سیاست ختم ہو چکی تھی وہ اب کھڑے ہو گئے ہیں، ہم سب مل کر جو بھی جائز مسئلہ ہے وہ حل کرائیں گے۔
