حماس کو غیرمسلح کرنے کیلئےفلسطین نہیں جائیں گے،اسحاق ڈار

وزیر  خارجہ  اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ فلسطین میں قیام امن کیلئے حصہ لینے کیلئے تیار ہیں مگر  ہم حماس کو  غیر مسلح کرنے نہیں جائیں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کو  بریفنگ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنےکہا کہ افغانستان سے ہزارعلما کا کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی  نہ کرنے کا فتویٰ  خوش آئند ہے، افغانستان کی طرف سے اعلان کے بعد ہمیں اس کے اثرات دیکھنا ہوں گے، ہم نے یواین کے جتنے کنٹینرز تھے انہیں انسانی بنیادوں پر افغانستان جانے کی اجازت دی ہے۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈارکا کہنا تھاکہ ہم نے ماضی میں دہشت گردی کا 98 فیصد خاتمہ کردیا تھا، تیس 40 ہزار دہشت گرد  واپس آئے اور دوبارہ دہشت گردی شروع کردی، اگرپاکستان کوخوشحال بنانا ہے تو اس دہشت گردی  سے جان چھڑانا  پڑےگی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے برطانیہ کو ڈیمارش کیا ہے اور بالکل ٹھیک کیا ہے، یہ اُس ملک کی ذمہ داری ہےکہ  وہ  ایسے کاموں کو   روکے۔

انہوں نے کہا کہ  یورپی یونین  سے چار  سال سےکوئی فعال رابطہ نہیں تھا، ہمارا  یورپی یونین کے ساتھ چار سال بعد برسلز میں اسٹریٹیجک ڈائیلاگ ہوا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پاک بھارت جنگ میں ہم نےکسی سے جنگ بندی کے لیے نہیں کہا، نورخان ائیربیس پر حملہ بھارت کی بڑی غلطی تھی، پاکستانی افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا، 9 مئی کی رات وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیصلے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ  جنوبی ایشیا میں 4 دن کے تنازع میں پاکستان کی کارکردگی ٹیسٹ ہوئی، پاکستان میں 36 گھنٹوں میں 80 ڈرون بھیجےگئے، ہم نے 79 ڈرون مار گرائے، ایک ڈرون نے ایک فوجی تنصیب پر تھوڑا نقصان کیا اور ایک بندہ زخمی ہوا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ  یو اے ای صدر نے وزیراعظم سے اس سال پاکستان دورے کا وعدہ کیا تھا،  یو اے ای صدر کا  دورہ پاکستان خوش آئند ہے، ان سے دوطرفہ  تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں  پرگفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق سعودی عرب نے ہمیں سپورٹ کیا،  4 ارب ڈالر چین نے پاکستان میں جمع کرائے، یو اے ای نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے،  یو اے ای کے صدر رحیم یار خان شکار کے لیے گئے ہیں، یو اے ای کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یو اے ای فوجی فاؤنڈیشن کے کچھ شیئرز لےگا اور  یہ لائبلیٹی ختم ہوگی، جنوری کے دو ارب کے رول اوور  پر بھی بات ہوئی کوشش ہوگی کہ وہ اس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

Back to top button