اسلام آباد: گیس لیکج کے دھماکے سے دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق، 12 زخمی

اسلام آباد کے علاقے سیون ٹو آبپارہ میں ایک شادی والے گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں دلہا، دلہن اور دیگر افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔

دھماکے سے عمارت جزوی طور پر گر گئی، اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ واقعے کے اثرات سے قریبی 4 گھر متاثر ہوئے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع صبح 7 بج کر 20 منٹ پر ملی۔ اب تک 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 12 زخمی ہیں، جن میں سے کسی کی حالت نازک نہیں ہے۔

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا، اور سردیوں میں اس قسم کے حادثات زیادہ دیکھنے کو ملتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ رات کے وقت گیس کا استعمال احتیاط کے ساتھ کریں۔

چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق ایک زخمی کو برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے، اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے انہیں ضروری امداد فراہم کی جائے گی۔

Back to top button