اسلام آباد : تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کا آپریشن، 712 کنال زمین واگزار

اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کے گرینڈ آپریشن میں اب تک 712 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔
اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو سے متصل علاقوں میں جاری انسداد تجاوزات مہم میں جامع حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کی جارہی ہیں،جس کے نتیجے میں اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین غیرقانونی قابضین سے واپس حاصل کرلی گئی۔ یہ آپریشن ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہے اور بدستور جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ آپریشن کی براہ راست نگرانی کررہی ہیں جب کہ آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن سے اے ڈی سی جی صاحبزادہ یوسف اور اسلام آباد پولیس کے ایس پی سلیمان بھی کردار ادا کررہے ہیں۔
سی ڈی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن شروع کرنے سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے، غیر قانونی قابضین کو نوٹسز جاری کیے گئے، لیگل کلیمز کے لیے سائٹ آفس قائم کیا گیا اور رہائشیوں کو ازخود تعمیرات خالی کرنے کے لیے متعدد اعلانات بھی کروائے گئے۔ آپریشن کے دوران کئی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کیا گیا۔
حکام کیے مطابق جعلی سٹامپ پیپرز کے ذریعے خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج بھی جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے مکمل تدارک اور دوبارہ قبضے کی روک تھام کے لیے طویل المدت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی، منصوبہ بندی اور قانون کی عملداری برقرار رکھنے کے لیے تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
سی ڈی اے کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے جاری آپریشنز میں اسلام آباد بھر میں اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے، اور یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔

