اسلام آباد کچہری خودکش حملہ: 7 لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ، ورثا کے حوالے

منگل کے روز جی الیون کچہری میں ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق سات افراد کے پوسٹ مارٹم مکمل کرلیے گئے۔
پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد تمام لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں، جن میں وکیل زبیر اسلم گھمن کی میت بھی شامل ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 10 شہدا کی شناخت ہوچکی ہے، جبکہ دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ اسپتال میں لائے گئے 36 زخمیوں میں سے 18 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ 14 زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔
پمز کے ڈاکٹر مبشر کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے چار افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب واقعے کے بعد ریڈ زون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے مرکزی گیٹ پر پہنچ کر سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا اور ہائیکورٹ کے دوسرے دروازے پر بھی پولیس کی گاڑی تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر کسی غیر متعلقہ شخص کو رکنے یا کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
