اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 روزہ راہداری ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 دن کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران رجب بٹ اور ندیم نانی والا عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ موجود ہے، لہٰذا عدالت 15 روز کی راہداری ضمانت فراہم کرے۔
تاہم جسٹس انعام منہاس نے ریمارکس دیے کہ عدالت 10 دن کی حفاظتی ضمانت دے رہی ہے، اس مدت میں متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جائے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں یوٹیوبرز کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے 10 دن کے اندر متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔
رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے خلاف گیمبلنگ ایپ کی تشہیر پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجب بٹ کو پاکستان واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی جانب سے ملک بدر کیے جانے کے بعد دونوں یوٹیوبرز گزشتہ روز پاکستان پہنچے، جب کہ رجب بٹ کو ویزا منسوخی کے باعث ڈی پورٹ کیا گیا۔
