اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی کی درخواست پر نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی تحریک انصاف، عمران خان کی علاج کے لیے شفاء ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

عدالت کے بینچ جس میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو شامل ہیں، نے کیس سے متعلق تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ عدالت نے مرکزی فریق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

سپریم کورٹ: عمران خان کو الشفاء ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر

تحریری حکمنامے کے مطابق عدالت نے درخواست پر لگائے گئے پانچ اعتراضات میں سے تین دور کرنے کے احکامات دیئے، جبکہ دو اعتراضات برقرار رہنے دیئے۔ ان برقرار رہنے والے اعتراضات پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے۔

عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بھی رپورٹ طلب کی ہے تاکہ بتایا جا سکے کہ عمران خان نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں اب تک کتنی سزا کاٹ لی ہے۔

علاوہ ازیں عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ متفرق درخواست کو نمبر لگا کر مرکزی اپیل کے ساتھ مقرر کیا جائے اور اپیلوں کی پیپر بُک آئندہ سماعت 10 مارچ سے قبل تیار کی جائے۔

Back to top button