ڈگری تنازع کیس: جسٹس طارق جہانگیری جج کے عہدے کیلئے نااہل قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈگری تنازع کیس میں جسٹس طارق جہانگیری کو جج کے عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار نے ڈگری سے متعلق اصل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، تاہم جسٹس طارق جہانگیری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
سماعت کے دوران جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے چیف جسٹس کے بینچ میں شامل ہونے پر اعتراض اٹھایا گیا۔ ان کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے پاس جسٹس جہانگیری کی تین درخواستیں موجود ہیں، جنہیں پہلے سنا جانا چاہیے۔
درخواست گزار کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر دعویٰ کرتے ہیں کہ جسٹس طارق جہانگیری کے انرولمنٹ فارم تک جعلی تھے، اور اگر وہ سچ پر ہیں تو ایل ایل بی پارٹ ون اور پارٹ ٹو کی مارکس شیٹس پیش کریں۔
واضح رہے کہ جسٹس طارق جہانگیری نے مبینہ جعلی ڈگری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے 9 دسمبر کو دو رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ہائی کورٹ میں دائر درخواست قابل سماعت نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ جسٹس جہانگیری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر رٹ درخواست کو خارج کیا جائے۔ دوسری جانب ڈگری تنازع کیس میں جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مزید تین درخواستیں بھی دائر کر دی ہیں۔
جسٹس جہانگیری کی جانب سے اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین نے درخواستیں دائر کیں، جن میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں قائم بینچ سے علیحدگی کی استدعا کی گئی ہے۔
