عید کے فوری اعلان کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر وزارت مذہبی امور سے رپورٹ طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک شہری نے عید کے چاند کے فوری اعلان کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ جس پر عدالت نے وزارت مذہبی امور سے رپورٹ طلب کر لی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ چاند کی شہادت چاروں صوبوں سے اکٹھی ہونے کے بعد ہی میٹنگ کے ذریعے اعلان کیا جاتا ہے، اس لیے وقت لگتا ہے، اور چاند نظر آئے بغیر اعلان ممکن نہیں۔
درخواست گزار عبد اللہ شفیق نے عدالت سے استدعا کی کہ رویت ہلال کمیٹی کو حکم دیا جائے کہ چاند دیکھنے کے بعد فوری اعلان کرے، تاکہ عید کی رات مارکیٹوں میں رش اور انتظامی مسائل سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو لا اینڈ آرڈر کے مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے دیگر مارکیٹس کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت دی جائے۔
عدالت نے وزارت مذہبی امور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، اور آئندہ سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔
