اسلام آباد ہائیکورٹ نےCDA کو درختوں کی کٹائی سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو 2 فروری تک درختوں کی کٹائی سے روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس خادم حسین سومرو نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے سمیت دیگر فریقین 2 فروری تک اسلام آباد میں کسی بھی درخت کو نہ کاٹیں۔

عدالت کی جانب سے سی ڈی اے، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور انوائرنمنٹل ایجنسی کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور دیگر فریقین آئندہ سماعت تک اپنے تفصیلی جوابات جمع کرائیں۔

تحریری حکم میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درختوں کی کٹائی انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت کی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف آرڈیننس اور ماسٹر پلان کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے حکام تاحال ہزاروں درخت کاٹنے کی وجوہات بتانے میں ناکام رہے ہیں۔

Back to top button