اسلام آباد امام بارگاہ دھماکا: خودکش حملہ کے دو بھائی اور ایک خاتون پشاور سے گرفتار

اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے کی تفتیش میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے پشاور میں مبینہ حملہ آور کے گھر پر کارروائی کی، جہاں سے اس کے دو بھائیوں اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔

شناختی دستاویزات کے مطابق یاسر کا مستقل پتہ عباس کالونی، شیروجنگی چارسدہ روڈ پشاور درج ہے، جبکہ اس کا عارضی رہائشی پتہ گنج محلہ قاضیان پشاور بتایا گیا ہے۔

تحقیقاتی اداروں کے مطابق خودکش حملہ آور تقریباً پانچ ماہ تک افغانستان میں مقیم رہا، جہاں اس نے اسلحہ استعمال کرنے اور خودکش کارروائی کی تربیت حاصل کی۔

اسلام آباد خود کش حملہ، سعودی عرب سمیت عالمی برادری کی شدید مذمت

پولیس نے حملے سے جڑے ممکنہ نیٹ ورک اور سہولت کاروں کو بے نقاب کرنے کے لیے پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور حملہ آور کے روابط و معاونین کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید اہم شواہد سامنے آنے کی توقع ہے، جو اسلام آباد میں پیش آنے والے اس دہشت گردانہ واقعے کے محرکات کو مزید واضح کریں گے۔

Back to top button