اسلام آباد امریکا، ایران مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ، نے کہا ہے کہ اسلام آباد امریکا اور ایران کے ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک آمادہ ہوں تو پاکستان ثالثی کا کردار بھی ادا کر سکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے سفارتی حل کو فروغ دینے کے لیے تیار رہتا ہے، تاہم کسی بھی بات چیت کا انحصار متعلقہ فریقین کی رضامندی پر ہوگا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری کسی بھی مذاکراتی عمل کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکا اور ایران کے مذاکرات پاکستان میں ہوں گے، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 15 نکات پر مشتمل ایک معاہدہ طے پا چکا ہے، تاہم اس معاہدے کی تفصیلات تاحال منظرعام پر نہیں آئیں۔
ایک برطانوی اخبار کے مطابق پاکستان خود کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک اہم ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے، جبکہ پسِ پردہ سفارتی روابط بھی جاری ہیں۔
