اسلام آباد خود کش حملہ، سعودی عرب سمیت عالمی برادری کی شدید مذمت

اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے پر سعودی عرب اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کا خون بہانے کی ہر کوشش کو مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہاکہ سعودی عرب ہرقسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کےخلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
سعودی عرب نے شہداء کے اہل خانہ،حکومت پاکستان اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتےہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
یورپی یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی خبر سن کر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے،یورپی یونین ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی سخت مذمت کرتی ہے،ہم پاکستان کے ساتھ کھڑےہیں اور شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
سویڈن کی پاکستان میں سفیر الیگزینڈرا برگ وون لنڈے نے اپنے پیغام میں کہاکہ اسلام آباد کی مسجد میں ہونےوالے حملے کی خبر پر ہمیں گہرا دکھ ہوا ہے،ہماری تعزیت اور ہمدردیاں شہداء، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا ہےکہ اسلام آباد خود کش دھماکے کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا، کینیڈا کے عوام پاکستان کے عوام،شہداء، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو اپنی دعاؤں اور خیالات میں یاد رکھے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد خودکش حملہ : دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنا ناگزیر ہے، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے پر برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے شہداء اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کےلیے دعائیں کیں اور خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔
