اسلام آباد کا خودکش حملہ آور پاکستانی نہیں تھا، طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والا دہشتگرد پاکستانی شہری نہیں تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ وانا اور اسلام آباد کے حالیہ حملوں کے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے بھارت اور افغانستان کے ممکنہ کردار کی نشاندہی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حاصل معلومات ثالثوں کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی رکھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سہیل آفریدی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ دہشتگردی کے معاملات پر اپنے قائد سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول، وانا اور اسلام آباد کے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کے لیے کسی ملاقات کی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے جی-الیون سیکٹر میں کچہری کے قریب خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
