اسلام آباد، تہران اور استنبول فریٹ ٹرین سروس سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر ملتوی

اسلام آباد، تہران اور استنبول کے درمیان آج سے شروع ہونے والی مال بردار ٹرین سروس سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث ملتوی کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق محکمہ ریلویز نے اس بین الاقوامی فریٹ ٹرین سروس کے آغاز کا اعلان 31 دسمبر سے کیا تھا، تاہم سکیورٹی منظوری نہ ملنے کی وجہ سے ٹرین مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مال گاڑی اسلام آباد سے روانہ ہو کر سبی کے راستے سپیزنڈ جنکشن پہنچتی، جہاں سے نوشکی اور دالبندین کے ذریعے میر جاوا کے مقام پر ایران میں داخل ہونا تھا۔
محکمہ ریلویز کوئٹہ کے حکام کے مطابق کوئٹہ ڈویژن میں ٹرین کی آمد اور گزرگاہ کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔
تاہم فریٹ ٹرین کی روانگی سے ایک روز قبل سکیورٹی کلیئرنس موصول نہ ہونے کے باعث محکمہ ریلویز نے اس سروس کے آغاز کو غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
