سانحہ اسلام آباد،وزیراعظم کاشہدا کےاہلخانہ کیلئےامدادی پیکج کا اعلان

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی مسجد میں ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہدا کے درجات بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم نے خود کش حملہ آور کو روکنے والے شہید عون عباس کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا، جبکہ دیگر شہدا کے اہل خانہ کے لیے 50،50 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
انہوں نے حملے کے زخمیوں کو 30،30 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ شہدا کے بچوں کو سرکاری نوکریاں دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے نے پوری قوم کو یکجا کردیا، افواج پاکستان قوم کے لیے ہر روز قربانیاں دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں، اس اندوہناک واقعے پر پوری قوم سوگوار ہے، دہشتگردی کے اس واقعے نے ہر دل کو دکھی کردیا۔
انہوں نے کہاکہ تمام مکاتب فکر کے علما نے دہشتگردی کی مذمت کی، ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہاکہ خود کش حملہ آور کو روکنے والے شہید عون عباس کی قربانی کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائےگا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
