ترجمان پاک فوج کا لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کادورہ

ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے لاہور میں ایچی سن کالج، یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور لاہور کالج فار وومین یونیورسٹی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر طلباء اور اساتذہ کے لیے خصوصی نشستیں منعقد کی گئیں، جن میں قومی سلامتی، نوجوانوں کا کردار، جدید دور کے مختلف چیلنجز اور ہائبرڈ وار فیئر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلباء نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اساتذہ نے کہا کہ جب بھی ملک کو ضرورت ہوگی، وہ اور طلباء دفاع کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی موجودہ چیلنجز سے متعلق گفتگو نوجوانوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل رہی۔

طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے انہیں جدید دور کی فکری جنگ کو سمجھنے میں مدد دی، اور پاک فوج کا تعلیمی اداروں سے براہِ راست رابطہ نوجوانوں میں اعتماد اور شعور بڑھانے کا اہم اقدام ہے۔ طلباء نے دشمن کے خلاف متحد رہنے اور افواجِ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر فخر بھی کیا۔

Back to top button