اسرائیل کے لبنان میں حزب اللہ پر حملے، ایران نے آبنائے ہرمز پھر بند کردی

لبنان پر اسرائیلی حملوں کو امریکا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت دوبارہ بند کردی۔
بی بی سی کے مطابق جنگ بندی کے بعد آج صبح ایران نے دو تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی جسے خطے میں امن کی جانب پہلا قدم قرار دیا جا رہا تھا۔
تاہم اب ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے دو جہازوں کے گزرنے کے بعد دوبارہ پابندی لگا دی۔ ایسا ہی دعویٰ اسلامک ریپبلک نیوز ایجنسی نے بھی کیا ہے۔
دونوں خبر رساں اداروں نے ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز پر جہازوں کی آمد و رفت پر تازہ پابندی کی وجہ لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کو قرار دیا ہے۔
دریں اثنا تجارتی جہازوں کے بروکر ادارے ’ایس ایس وائی‘نے بھی ’’بی بی سی ویریفائی‘‘ کو آبنائے ہرمز بند ہونے کی تصدیق کی ہے۔
