امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر حملہ کر دیا

 

 

 

امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر حملہ کر دیا ہے، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے دفاتر کے قریب ابتدائی حملہ کیا گیا،صدارتی دفتر کو بھی نشانہ بنایاگیا، تہران سمیت کئی شہروں پر سمندر اور فضا سے 30 مقامات پر میزائل داغ دیئے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہےکہ تہران کے مشرق میں ایک دھماکا سناگیا جب کہ شمالی علاقوں میں مزید دو دھماکے ہوئے،یہ امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ ہے جب کہ غیرملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا۔اس کے علاوہ اصفہان،قم، کرج اور کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گرے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہےکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کی ڈیل نہ ہونے پر ناراض تھے،ایران پر امریکی حملے فضا اور سمندر سےجاری ہیں۔

 

اسرائیلی دفاعی اہلکار کاکہنا ہےکہ ایران میں اسرائیل کا آپریشن امریکا کے ساتھ مل کر جاری ہے،ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایاگیا تھا،ایران پر حملے کی تاریخ کا فیصلہ ہفتوں پہلے کیاگیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں ہیں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ایران نے حملے کےبعد اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں،عراق نے بھی فضائی ٹریفک معطل کردی۔

رپورٹس کے مطابق متعدد میزائل تہران میں یونی ورسٹی روڈ اور جمہوری ایریا پرگرے، تہران میں دھویں کے بادل بھی اٹھتے دیکھےگئے۔

ایرانی حکام مطابق امریکی و اسرائیلی حملے کے بعد ایران جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے،ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔

سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر حملے کی تصدیق کرتےہوئے کہا ہےکہ ہم نے تہران پر حملہ کیا ہے،ایران پر پیشگی حملے شروع کیے ہیں۔

اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابقاسرائیل بھر میں سکول بند کر دیے گئے ہیں،عوام کو گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق اسرائیل نے ایران کےخلاف ایک پیشگی حملہ کیا تاکہ اسرائیل کےلیے خطرات کو ختم کیاجاسکے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر میں امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں کو شیلٹر میں جانےکی ہدایت کردی گئی ہے اور امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہےکہ اگلے حکم تک شیلٹر میں رہیں۔

 

Back to top button