اسرائیل نے عالمی عدالت کا حکم مسترد کردیا

اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کا رفح آپریشن روکنے کا حکم مسترد کرتے ہوئے رفح میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی کارروائی روکنے کا حکم دیا، عالمی عدالت انصاف میں رفح میں اسرائیلی آپریشن رکوانے کےلیے جنوبی افریقہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کا رفح میں فوجی آپریشن روکنے کا حکم مسترد کردیا، اسرائیلی جنگی کابینہ کے وزیر بینی گینٹز نے یرغمالیوں تک رفح سمیت غزہ میں حملے جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ اسرائیل نے بین الاقوامی عدالت انصاف کے رفح پر حملے کو فوری طور پر روکنے کے حکم کو ’اشتعال انگیز، اخلاقی طور پر نفرت انگیز‘ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے الزامات ’جھوٹے‘ ہیں۔

عالمی عدالت کے حکم کے برخلاف اسرائیل کی رفح میں بمباری

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

اسرائیلی  وزی رخزانہ بیزالیل اسموٹرچ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  جنگ بندی کے حکم پر کسی صورت عملدرآمد نہیں کیا جاسکتا، غزہ میں جنگ روکنے کا مطلب اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی عدالت نے فیصلہ 2-13 کی اکثریت سے سنایا، درخواست پر فیصلہ عالمی عدالت انصاف کے جسٹس نواف سلام نے پڑھ کر سنایا، فیصلے میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کوغزہ کےعلاقےرفح میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنی ہوں گی، غزہ پٹی کے شہری انتہائی تشویش ناک حالات سے دوچار ہیں۔

یاد رہے کہ نیدرلینڈز کے دارالحکومت ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں دنیا کے 14 مختلف ممالک کے ججز کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے ایک ایڈہاک جج بھی بطور فریق موجود تھے۔

Back to top button