ایران میں امریکی مداخلت کا خدشہ ، اسرائیل ہائی الرٹ

ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے خدشے کے پیشِ نظر اسرائیل کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بار بار مداخلت کی دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اداروں میں تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہائی الرٹ کی عملی نوعیت کیا ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایک امریکی عہدیدار نے دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو کی تصدیق کی، تاہم زیرِ بحث آنے والے نکات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران اس وقت آزادی کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، جیسا منظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا گیا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ اگر ایران میں مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ مداخلت سے مراد ایران میں فوجی دستے بھیجنا نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بعض شہروں میں عوام کا کنٹرول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ ناروا سلوک کیا اور اب اسے اس کے نتائج کا سامنا ہے۔
