اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے فلسطینی ادارے انروا کا استثنیٰ ختم کر دیا

اسرائیل نے اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے (انروا) کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ نے انروا کے سفارتی استثنیٰ کے خاتمے سے متعلق قانون کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس قانون سازی کے بعد اسرائیلی عدالتوں میں انروا کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہو جائے گی، جبکہ اسرائیلی حکام کو مقبوضہ بیت المقدس میں واقع انروا کے دو دفاتر ضبط کرنے کا اختیار بھی حاصل ہو جائے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ قانون اسرائیلی کمپنیوں کو انروا کے اداروں کو پانی، بجلی اور مالی خدمات فراہم کرنے سے بھی روکتا ہے۔
اس معاملے پر انروا کا کہنا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے اس ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ ایجنسی پورے مشرقِ وسطیٰ میں لاکھوں فلسطینیوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ برس انروا پر پابندی عائد کی تھی۔
