اسرائیلی جارحیت،غزہ میں شہداد60ہزارسےتجاوزکرگئی

فلسطینی وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں شہید ہونے والوں کی تعداد کم از کم 60 ہزار 34 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 18 ہزار 592 بچے، 9 ہزار 782 خواتین اور 4 ہزار 412 بزرگ افراد شامل ہیں، جو مجموعی اموات کا 55 فیصد بنتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی واضح عکاسی کرتے ہیں کہ اسرائیلی جارحیت کا براہِ راست نشانہ عام شہری بن رہے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ عرصے کے دوران اسرائیلی بمباری سے ایک لاکھ 45 ہزار 870 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کی ہے۔
وزارت صحت نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور طبی اداروں سے ایک بار پھر پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں، اسرائیلی حملوں کو بند کروائیں، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور غزہ میں انسانی و طبی امداد کی فراہمی بحال کریں۔
