لبنان پر اسرائیلی جارحیت: پاکستان کی مذمت، عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ

دفتر خارجہ نے لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات نہ صرف خطے کے امن بلکہ بین الاقوامی سفارتی کوششوں کو بھی متاثر کر رہے ہیں، عالمی برادری اس جارحیت کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، ان کارروائیوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان اور بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں،عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کےلیے ٹھوس اقدامات کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے،پاکستان لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
لبنان جنگ بندی کا حصہ نہیں، معاہدہ ٹوٹا تو ایران ذمہ دار ہوگا : جے ڈی وینس
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس سے ٹیلفونک گفتگو ہوئی جس میں فریقین نے لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور مشرقِ وسطیٰ میں عارضی جنگ بندی کے مکمل نفاذ کی اہمیت پر زور دیا گیا، یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے پاکستان کی امن و استحکام کے فروغ کےلیے کوششوں میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
